قصور،25ستمبر(اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی، شہریوں کو جعلی دودھ کا زہر پلانے والوں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صحت دشمن عناصر کے خلاف قصور کے علاقے روشن بھیلا میں کارروائی کی‘مجاہد زبیر ملک فیبریکشن یونٹ پر چھاپے کے دوران کیمیکلز سے تیار جعلی دودھ موقع پر تلف کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ دودھ بردار گاڑی، مکسنگ مشین،50 کلو مسکڈ ملک پاوڈر، کیمیکلز، 48 کلو ناقص گھی پلنجر، پلاسٹک ڈرم اور گیس سلنڈر ضبط کر لئے گئے ۔
پانی میں پاوڈر، کیمیکلز اور گندا گھی ڈال کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کیا جاتا تھا،ناقص پاوڈر، کیمیکلز،آئل سے تیار دودھ برادر گاڑی کے ذریعے لاہور بھیجا جانا تھا،فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بروقت کاررروائی سے جعلی دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا،جعلی دودھ تیار کرنے والے یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیرانورنے بتایاکہ جعلی یا ملاوٹی دودھ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے‘جعلی دودھ بنانے والے عناصر کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے عوام کا ساتھ انتہائی لازم ہے۔ صحت دشمن عناصر کیخلاف فیس بک ایپلی کیشن، ٹال فری نمبر 1223 پر شکایات درج کروائیں۔