مظفرگڑھ ؛دریا میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے شخص کی نعش ڈھونڈ لی گئی، ورثاء کے حوالے

35

مظفرگڑھ، 18 ستمبر (اے پی پی):تیر کر دریا عبور کرتے ہوئے ڈوب کر لا پتہ ہونے والے شخص کی نعش ریسکیو ٹیم نے ڈھونڈ کر ورثا کے حوالے کر دی ہے۔

 ریسکیو 1122 کنٹرول روم مظفرگڑھ کے مطابق مظفرگڑھ کی سب تحصیل رنگپور کے علاقے جوانا بنگلہ کے قریب دریائے چناب کے پتن سربانہ کے مقام پر جوانا بنگلہ کا رہائشی 55 سالہ غلام شبیر ولد محمد حنیف گزشتہ روز تیر کر دریا عبور کرتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب کر لا پتہ ہو گیا تھا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو کنٹرول روم نے فوری طور پر قریبی اسٹیشن رنگ پور سے ایمبولینس ، ریسکیو بوٹ اور واٹر اینڈ سرچ ریسکیو ٹیم کو جائے حادثہ پر روانہ کروا دیا گیا اور پولیس کنٹرول کو بھی اطلاع کردی تھی۔

ریسکیو سٹاف نے موقع پر پہنچ کر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی نگرانی میں ڈوب کر لا پتہ ہونے والے شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کردیا تھا،ریسکیو سٹاف نے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کرنے کے بعد واٹر اینڈ ریسکیو سرچ ٹیم بوٹ سرچ ٹیکنیک کے ذریعے مسلسل پانچ گھنٹے میں تقریباً 10 کلومیٹر تک کا ایریا سرچ کیا لیکن کامیابی نہ ملی،پہلے روز رات ہونے پر اندھیرا چھا جانے کے باعث آپریشن صبح تک کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا،آج دوسرے روز علی الصبح ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی نگرانی میں واٹر سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے آپریشن کا آغاز کیا اور مسلسل چار گھنٹے بوٹ تیکنیک کے ذریعے سرچ آپریشن جاری رکھنے کے بعد نعش کو تلاش کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔