ملتان،05 ستمبر(اے پی پی): گورنمنٹ مسلم گرلز ہائی سکول ملتان میں“یوم دفاع” کے سلسلے میں پرنسپل طلعت کی زیر صدارت تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طالبات نے جوش خطابت کے جوہر دکھا کر 1965 ءکی جنگ کے شہداءکے عظیم کارناموں سے دلوں میں جذبہ حب الوطنی کو ابھارا۔
منعقدہ تقریری مقابلہ میں پہلی پوزیشن جماعت نہم کی طالبہ علیزہ فاطمہ نے حاصل کی ،دوسری پوزیشن جماعت نہم کی طالبہ زینیب خبیب جبکہ تیسری پوزیشن جماعت ہفتم کی طالبہ حفصہ عارف نے حاصل کی۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجدہ نذر نے ادا کرتے ہوئے جنگ پینسٹھ کے بارے میں اہم معلومات سے آگاہ کیا کہ کس طرح تعداد میں کم ہونے کے باوجود ہمارے نڈر اور بے باک پاک فوج کے سپاہی لڑتے رہے اور جھکے نہیں۔
اس دوران پاک افواج اور پاکستان کے حق میں نعرے لگوا کر طالبات کے جوش کو بڑھایا گیا اور تقریب کے آخر میں شہداء کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔