ملتان،17 ستمبر(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کا وہاڑی چوک پر قائم غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، گرین بیلٹ پر قائم 4 غیر قانونی بس و ویگن اڈے سربمہر کردیے گئے ہیں۔
پولیس ،سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا اور راجپوت ٹریولز،مدینہ فلائنگ کوچ،وینس ٹرانسپورٹ اور حسین ٹریولز کو سیل کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد ریاض،سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر عابد شبیر لغاری نے قیادت کی۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے وہاڑی چوک اور جنرل بس سٹینڈ کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کے حکم پر بسوں اور ویگنوں کو بھی قبصے میں لے لیا گیا۔ غیر قانونی بس اڈوں پر پولیس و سول ڈیفنس کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد ریاض نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر تمام اڈوں کو جنرل بس سٹینڈ منتقل کیا جائے گا۔











