ملتان ؛بارہویں نیشنل ریسکیوچیلنج کیلئے انٹراڈسٹرکٹ ریسکیو چیلنج کا انعقاد

13

ملتان ، 16 ستمبر (اے پی پی ): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر بارہویں نیشنل ریسکیوچیلنج کی تیاری کے سلسلے میں ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم کی زیر نگرانی چاروں اضلاع کے مابین ریسکیوچیلنج کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع وہاڑی،مظفر گڑھ،خانیوال اور ضلع ملتان کی ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

 ڈویژن ملتان میں چاروں اضلاع کے مابین ریسکیومقابلہ کروانے کا مقصد لاہور ہیڈ کواٹر میں منعقد ہونے والے  بارہویں نیشنل ریسکیو چیلنج کیلئے ڈویژن کی بہترین ٹیم کا انتخاب کرنا تھا،اس سلسلے میں  فائر فٹ چیلنج،ٹراما چیلنج،بلند مقام سے ریسکیو کرنے کا چیلنج، گہرے کنویں سے ریسکیو چیلنج،واٹر سرچ آپریشن اینڈ ریسکیو چیلنجز شامل تھے۔

 ڈویژن کی تمام ٹیمیں ایک دوسرے کیلئے سخت حریف ثابت ہوئیں،انتہائی سخت مقابلوں کے بعد ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے  ڈسٹرکٹ ملتان کی ٹیم  کو پہلی پوزیشن پر جبکہ ڈسٹرکٹ مظفر گڑھ کی ٹیم  دوسری اور ڈسٹرکٹ وہاڑی کی ٹیم کو تیسری پوزیشن پر قرار دیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے جیتنے والے ریسکیورز کو ان کی کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ آپکی محنت اور توجہ کی بدولت ہے کہ  آج آپ کو کامیابی نصیب ہوئی ہے آپ اسی طرح اپنے کام میں پیشہ وارنہ قابلیت کا مظاہرہ  کرتے رہیں میں آپکی مزید کامیابیوں کیلئے دعاگوہوں۔

 آخر میں ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم نے نیشنل ریسکیو چیلنج کیلئے ضلع ملتان کی ٹیم کوجیت کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اوراُمید ظاہر کی کہ انشاء اللہ ہم پُر امید ہیں کہ ہماری ٹیم لاہور میں ہونے والے مقابلے میں فتح سے ہمکنار ہو کر ہمارے سرفخر سے بلند کرے گی اور اپنے  ڈویژن کا نام روشن کرے گی۔