ملتان، 27 ستمبر (اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک نے بدھ کو یہاں قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اطراف کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ144.8 ملین روپے کی لاگت سے فوڈ سٹریٹ کی بحالی کا کام جاری ہے، 46 دکانوں کی بحالی، 4 ٹوائلٹ بلاکس بنائے جارہے ہیں، قلعہ کہنہ اور اطراف کے پورے مقام کو سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جارہا ہے، سٹیڈیم میں نئی گھاس لگائی جارہی ہے اور بیٹھنے کی جگہ، نکاسی آب کا سسٹم بہتر کیا جارہا، فوڈ سٹریٹ کی دکانوں کے کرایہ بارے محکمہ سپورٹس کو لکھا جاچکا۔
کمشنر انجنئیر عامر خٹک نے حاجی کیمپ اور لنگر خانے کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے قلعہ کہنہ پر تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے قلعہ کہنہ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کیلئے تاریخی پیکج دیا ہے، والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت قلعہ کہنہ اور درباروں کی لینڈ سکیپنگ اور فصیل تعمیر کی جائے گی اور محکمہ اوقاف ،حج اور پولیس سمیت تمام دفاتر کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ اور ملحقہ تاریخی مقامات کو والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے آصف رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیضان احمد ریاض ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق، والڈ سٹی اتھارٹی حکام ہمراہ تھے۔











