میر پور خاص؛خواندگی کا عالمی دن،محکمہ تعلیم کی جانب سے ریلی کا انعقاد

78

میر پور خاص،08 ستمبر(اے پی پی ):پوری دنیا کی طرح میرپورخاص میں بھی خواندگی کا عالمی دن منایا گیا۔اس حوالے سے محکمہ تعلیم میرپورخاص کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن ڈاکٹر چمن منشا کی قیادت میں بینظیر بھٹو گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سے میرپورخاص پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ریجنل ہیڈ سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن نثار احمد بیھن، علی خان ناریجو ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری اسکولز ، عبدالعزیز ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پرائمری، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر ایل ایس یو ، آر ایس یو اوم پرکاش ، پرنسپل کمپری ہینسوہائیر سیکنڈری سکول پروفیسر محمد جمیل قریشی، فوکل پرسن لٹریسی امام بخش لسکانی تعلقہ ایجوکیشن آفیسر پرائمری سلیمان گرگیز ، فاروق احمد جٹ، پیر مزمل جان سرہندی ، ساجد راو ،اساتذہ اورطلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن ڈاکٹر چمن منشا نے کہا کہ 8 ستمبر کو ہر سال دنیا میں خواندگی کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے کے اچھے فرد بن کر معاشرے کی ترقی ، امن و امان اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں ، اس لئے ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکول سے باہر بچوں کو سکولوں میں داخل کروا کر انہیں علم کے زیور سے آراستہ کریں۔

 ریلی سے سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کے ریجنل ہیڈ نثار احمد بیھن ، پروفیسر محمد جمیل، عبدالعزیز، علی خان ناریجو ، ایل ایس یو کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اوم پرکاش ، ساجد راو ، امام بخش لسکانی اور دیگر نے کہا کہ سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن محکمہ تعلیم کے ساتھ ساتھ علم کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے کام کر رہا ہے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو علم کی روشنی سے منور کروائیں تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد افراد بن سکیں۔