کوئٹہ،29ستمبر(اے پی پی): نگران صوبائی و زیر داخلہ بلوچستان میر زبیر احمد جمالی نے مستونگ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے دھماکے 30سے 40افراد جاں بحق ہو گئے، درجنوں افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں مستونگ دھماکے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں 52زخمی زیر علاج ہیں، دوران سول ہسپتال کو ئٹہ میں پانچ مزید زخمیوں نے دم توڑ دیا ،چھ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو بھی واقعہ میں ملوث ہے وہ پاکستان اور انسانیت کا دشمن ہے، دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے کم ہے۔
نگران صوبائی و زیر داخلہ بلوچستان میر زبیر احمد جمالی نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک میں ایک ناسور کی شکل اختیار کی ہے ، گزشتہ روز بھی سکیورٹی فورسز نے کو ئٹہ میں بارود سے بھری گاڑی پکڑی ، کو ئٹہ میں تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکہ بظاہر لگتا ہے خود کش ہے اب تک کسی نے بھی واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔