نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب میں منشیات کی خریدو فروخت کرنیوالے مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری،آئی جی پولیس کی بریفنگ

49

لاہور، 15ستمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب میں منشیات کی خریدو فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقدہوا، جس میں منشیات فروشی اوراستعمال کے سدباب سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے این جی اوز سے اشتراک عمل کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔

 انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انورنے منشیات کی خریدو فروخت کرنے والوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ تین ہفتے میں 8کلوآئس،180کلوہیروین اور 7100کلوچرس برآمد کی گئی ہے اور پنجاب میں منشیات کا دھنداکرنے والے310بڑے ڈیلرز کو گرفتار کر کے 600ہاٹ سپاٹ کلیئرکرائے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس نے منشیات فروشی کے خلاف مہم میں 7500ملوث افراد کو گرفتارکیا ہے جبکہ بھکاریوں کے بڑے ٹھیکیداروں کو بھی گرفتار کیا گیاہے۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے منشیات کا کالادھنداکرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیزکرنے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے پنجاب بھر میں منشیات کے عادی افراد کے لئے مراکز کے قیام کی پلاننگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ نشہ کرنے والو ں کو معاشرے کا مفید شہری بنانا چاہتے ہیں۔ صوبہ بھر میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے مراکز میں بیڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

صوبائی وزیراطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی اولاہور،کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹریز صحت،اطلاعات، ہائرایجوکیشن،سکولزایجوکیشن اوراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔تمام آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔