لاہور27ستمبر( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جامعہ اشرفیہ میں چانسلر مولانا فضل الرحیم سے ملاقات کی اور انہیں چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ کے عہدے پر تعیناتی پر مبارکباد دی اور مولانا فضل الرحیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،اظفر علی ناصر،بلال افضل،مشیروہاب ریاض بھی ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ کے عہدے پر آپ کی تعیناتی کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقد م کرتے ہیں۔حکومت پنجاب قرآن بورڈ کو پورا سپورٹ کرے گی اور آپ جیسے جید عالم دین کی رہنمائی میں پنجاب قرآن بورڈ ایک فعال ادارہ بنے گا۔ چانسلر مولانا فضل الرحیم نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔چانسلر جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم نے ملک وقوم کی ترقی،خوشحالی،استحکام،امن اورسلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ناظم جامعہ اشرفیہ مولانا حافظ اسعد عبید،مفتی احمد علی،مولانا حافظ زبیر حسن،مولانا حافظ خالد حسن،مولانا مجیب الرحمان،مولانا اویس حسن ارشداوردیگر علمائے کرام بھی اس موقع پر موجودتھے۔











