اسلام آباد،12ستمبر(اے پی پی):وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے دسویں کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز اجلاس کا باضابطہ افتتاح کر دیا اور 10 ویں کامن ویلتھ یوتھ وزارتی اجلاس (سی وائی ایم ایم) کے اجلاس کی صدارت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 30 سال میں پہلی مرتبہ کامن ویلتھ ایونٹ کی قیادت کر رہا ہے، وزارتی اجلاس جو 12 سے 15 ستمبر تک لندن میں منعقد ہو رہا ہے، کا تھیم ”ایم ہائر: ڈیلیورنگ مورفار ینگ پیپل ان دی کامن ویلتھ“ہے۔ پاکستان نے اجلاس کی صدارت سنبھال لی ہے اور وہ اگلے سال ساموا میں ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے سربراہی اجلاس سے پہلے ایجنڈا ترتیب دینے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
نگراں وزیر خارجہ کی لندن وزارتی اجلاس میں شرکت کرنے والے وزراء اور دولت مشترکہ کے اعلیٰ عہدے داروں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ پاکستان دولت مشترکہ اور اس کے فلیگ شپ کامن ویلتھ یوتھ پروگرام کو بہت اہمیت دیتا ہے جو اس کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری اور مواقع پیدا کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مشغولیت نوجوانوں کی معاشرے میں ان کی اونرشپ کو بڑھاتی ہے۔ انہوں نے عالمی پائیدار ترقی کے ایجنڈے میں نوجوانوں کی شمولیت کو بڑھانے کے لئے دولت مشترکہ کے کردار کا بھی ذکر کیا۔