وہاڑی،06 ستمبر (اے پی پی):یوم دفاع پاکستان کے موقع پر نسل نو کو وہاڑی کی سرزمین کی ملک کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں اور جانثاران وطن کی خدمات سے آگاہی اور شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل ہال وہاڑی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار تھے۔
تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات نے ملی نغموں، تقاریر اور ٹیبلو کے ذریعے شہدائے پاکستان کو خوبصورت اور باوقار انداز میں سلام اور خراج عقیدت پیش کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے،اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ۔انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا ء کو سلام اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔











