لاہور، 28 ستمبر(اے پی پی): پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیرتربیت افسران نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ وفد میں 12ویں انڈیکشن ٹریننگ کورس کے 40 افسران شامل تھے۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل نے وفد کو ادارے کی ورکنگ بارے بریفنگ دی۔ وفد کو پکار 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن اور الیکٹرانک ڈیٹا اینالسز سینٹر کا دورہ کروایا گیا، افسران کو آپریشنز اینڈ مانیٹرنگ سینٹر سے شہر بھر کے اہم مقامات کی مانیٹرنگ کا عمل دکھایا گیا، افسران کومیڈیا مینجمنٹ سنٹر اور ایڈوانس ٹریفک مینجمنٹ سسٹم بارے بھی بتایا گیا۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنزتوصیف صبیح نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کلیدی کردار ہے،انہوں نے بتایا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر تک پھیلایا جارہا ہے۔
وفد کے افسران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈرن پولیسنگ کیلئے سیف سٹیز جیسا جدید انفراسٹرکچرلازمی ہے، وفد کے شرکاء نے کہا کہ موثر سکیورٹی کے لیے پاکستان بھر میں سیف سٹی جیسے منصوبے ناگزیر ہیں۔