اٹک ؛حکومت پنجاب ڈینگی خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل

33

 

اٹک، 28ستمبر(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک عدنان انجم راجہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، موجودہ حالات میں ڈینگی مچھرسے محتاط رہنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار ڈی سی آفس اٹک میں انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انڈور اور آوٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی کابھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں محکمہ تعلیم،صحت سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شر کت کی۔ایم ایس گورنمنٹ اسفندیاربخاری ہسپتال ڈاکٹر جواد الٰہی،ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف حسین اور محکمہ صحت کے افسران نے شر کاءکو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے تفصیلی بر یفنگ دی۔بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا گیا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس ضمن میں تمام محکمے اپنا خصوصی کر دار ادا کر رہے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض جگہ سپرے نہ کرنے کے بار ے میں شکایات موصول ہوئیں ہیں ان جگہوں پرجلدسپرے کروادیاجائے گا،اس کے ساتھ عوامی آگاہی کے لیے بھی محکمے مہم چلا رہے ہیں۔اجلاس میں ڈینگی مہم کے حوالے سے تمام محکموں کی کار کر دگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سر کاری،نیم سر کاری اور نجی ادارے ڈینگی کے خاتمے کے لیے اپنا بھر پور کر دار ادا کر یں اور تمام ضروری اقدامات یقینی بنا ئیں۔