ڈیرہ غازی خان، 01 ستمبر(اے پی پی):پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کےلئے ٹیسٹ 10 ستمبر کو ہوں گے اس حوالے سے کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او حسن افضل اور دیگر افسران موجود تھے۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ٹیسٹ کےلئے ڈی جی خان میں دو امتحانی مراکز تجویز کردئیے گئے ہیں ڈویژنل پبلک سکول اور بوائز سنٹر آ ف ایکسیلنس میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے انٹری ٹیسٹ ہوں گے جس میں 3063 طلباء و طالبات امتحان میں شریک ہوں گے اور انٹری ٹیسٹ میں شریک اُمیدواروں کی بائیو میٹرک شناخت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں 1817طالبات اور 1246 طلباء شریک ہوں گے۔امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ ہوگا اور امتحانی مراکز میں فول پروف سیکیورٹی اور محفوظ پارکنگ یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ والدین اور دیگر افراد کے بیٹھنے اور سہولیات کےلئے مناسب انتظام کیا جائے۔سایہ،ٹھنڈا پانی،پبلک ایڈریس سسٹم کے ساتھ معلوماتی ڈیسک بنائے جائیں۔کمشنر نے کہا کہ انتظامات چیک کرنے کےلئے آٹھ ستمبر کو ریہرسل ہوگی۔