چنیوٹ؛ ہفتہ ابتدائی طبی امداد ، مختلف اداروں میں شہریوں کو طبی امداد کی تربیت دی گئی

29

چنیوٹ،09ستمبر(اے پی پی ):سیکرٹری ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کے احکامات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح ضلع چنیوٹ میں بھی ہفتہ ابتدائی طبی امداد منایا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے ریسکیو کمیونٹی انسٹرکٹرز نے ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ملک ظفر علی اعوان کی نگرانی میں ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں، سرکاری و نیم سرکاری اداروں اور اہم مقامات پر شہریوں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جس میں دل اور سانس بند ہونے کی صورت میں مصنوعی طریقے سے دل اور سانس کی بحالی کا عمل، سانس کی نالی میں رکاوٹ، چوٹ لگنے کی صورت میں خون کے بہاؤ کو روکنے اور دوران ایمرجنسی بحفاظت مریض کی منتقلی کی بھی عملی تربیت فراہم کی گئی، عالمی ہفتہ  ابتدائی طبی امداد کا مقصد ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈر کے متعلق لوگوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنا تھا تا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے، لوگ ایمرجنسی سروس سے فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کریں تا کہ ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے پہلے فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے بہت سی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے ،عالمی یوم ابتدائی طبی امدادکے حوالے سے آگاہی واک بھی کی گئی۔