ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان مہر شاہد زمان لک نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کا اضافی چارج سنبھال لیا

51

ڈیرہ غازی خان،20 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان مہر شاہد زمان لک نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔

چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے مظفرگڑھ کے ضلعی افسران کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنائی جائے اورمظفرگڑھ کے افسران وقت کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ برق رفتاری کے ساتھ حکومتی اہداف پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اورکسی دباو کو خاطر میں نہ لائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیمی و ہیلتھ انڈیکیٹرز پر عمل کرکے ضلع مظفرگڑھ کی رینکنگ بہتر کی جائے اور “اب گاوں چمکیں” گے پروگرام کے تحت کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں جائیں،صفائی اہداف کی انسپیکشن کریں،لوکل گورنمنٹ افسران و سٹاف کو ٹارگٹ دیں اور انکی روزانہ کی کارکردگی بھی ضرور چیک کریں۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ دیگر سرکاری محکموں کے ملازمین کو بھی صفائی و ستھرائی کے عمل میں شامل کیا جائے اور سرکاری تنخواہیں لینے والوں کو اب کام بھی کرنا پڑے گا۔انہوں  نے کہا کہ میں جلد ضلع کے ہیلتھ مراکز،تعلیمی اداروں اور تحصیلوں کا دورہ کرکے معاملات کا خود جائزہ لوں گا۔