ڈیرہ غازی خان،25ستمبر(اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے جنوبی پنجاب سے انجمن تاجران کے وفد نے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معاشی ریلیف دلانے کےلئے تاجر تنظیمیں کردار ادا کریں اور اشیاء خوردونوش کے نرخ رضاکارانہ طور پر کم کئے جائیں۔انہوں کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کی نشاندہی کی جائے اورکسی بھی تاجر کا جائز کاروبار بند نہیں کریں گے۔
کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر سختی عملدرآمد کرایا جائے گا،کسی کو بلیک مارکیٹنگ نہیں کرنے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چینی اور دیگر اشیاء کی خرید وفروخت کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔
ملاقات میں انجمن تاجران کے عہدیداروں نے یقین دہانی کرائی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کی سفارش نہیں کی جائے گی اورانہوں نے کہا کہ تاجر برادری عوام اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کےلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش اور دیگر افسران موجود تھے۔وفد میں انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل شیخ عامر سلیم اور مظفرگڑھ کے صدر سید امیر حسین،ڈیرہ غازی خان سے شیخ محمد نقیب کی قیادت میں تاجر تنظیمیں، مظفر گڑھ، شاہ جمال اور جتوئی کے تاجر شامل تھے جبکہ موقع پر محمد طارق اسماعیل قریشی، جان عالم عالم لغاری،شبلی شب خیز غوری اور دیگر بھی موجود تھے۔