ڈی جی خان؛نگران وزیراعلیٰ پنجاب صوبائی کابینہ کے ہمراہ جلدڈویژن کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوںو دیگر امور کا جائزہ لینگے ،کمشنر

15

 

ڈیرہ غازی خان،25 ستمبر(اے پی پی): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی صوبائی کابینہ کے ہمراہ جلد ڈیرہ غازیخان کا دورہ کریں گے اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ایڈیشنل کمشنرز کریم بخش ،فخر الاسلام ڈوگر ،ایس پی بختیار احمد،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اور دیگر افسران موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ پنجاب کے مختلف ڈویژنز کے دورے شروع کردئیے ہیں اور وہ آئندہ روز میں ڈیرہ غازی خان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزراء،سیکریٹریز اور دیگر افسران بھی ہوں گے اور وہ ہسپتال،سنٹرل جیل،دارالامان ،یتیم خانہ،سخی سرور ،چوٹی،فورٹ منرو اور دیگر علاقوں کا دورہ کرسکتے ہیں لہٰذا تمام محکمے اپنی تیاری مکمل کریں اور تجاوزات کا خاتمہ فوری طور پر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر کی مرمت،بحالی،رنگ و روغن اور صفائی کی جائے۔کمشنر نے دفاتر میں ہدایات پر عملدرآمد کےلئے ٹیم بھی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے 26 انیشیٹوز پر عملدرآمد کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں تعینات صوبائی اور ضلعی محکموں کے سربراہان کے بغیر اجازت سٹیشن چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور سرکاری فرائض کی انجام دہی میں سستی اور عدم دلچسپی برداشت نہیں کی جائے گی۔