ڈیرہ غازی خان؛ کمشنر نے اشیاء خوردونوش کے نرخ ازسر نو متعین کرنے کے احکامات جاری کردیے

42

ڈیرہ غازی خان،23ستمبر(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں اشیاء خوردونوش کے نرخ ازسر نو متعین کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت منعقد ہوا ، اجلاس میں پرائس کنٹرول کے معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔

 کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز جلد اجلاس منعقد کرکے نئے نرخ مقرر کریں۔انہوں نے کہا کہ نزدیکی اضلاع کے نرخ کا بھی موازنہ کیا جائے اوراشیاء خوردونوش کے نرخ دکانوں کی نمایاں جگہوں پر آویزاں ہونے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان  ڈویژن کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی صوبہ بھر میں نمایاں  رہی ہے تاہم عوام کو معاشی ریلیف دلانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں کے اچانک معائنہ کا سلسلہ جاری رکھیں اور گرانفروش و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔

کمشنر نے  کہا کہ کسی بھی تاجر کو ناجائز تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اوراختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے مجسٹریٹ سے سرکاری  ذمہ داری واپس لی جاسکتی ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ اور دیگر افسران موجود تھے۔