ڈیرہ غازی خان میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار  کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں؛ کمشنر

20

ڈیرہ غازی خان،11ستمبر (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر  نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار  کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں،ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو پابند سلاسل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپیر کویہاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر ڈی جی خان ڈویژن میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور جس نے بھی رقوم کی ترسیل کرنی ہے وہ قانونی طریقہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہنڈی کے کاروبار کی حوصلہ شکنی کے لیے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔

کمشنر نے کہا کہ ایرانی پٹرول و ڈیزل کی سمگلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹا کی ذخیرہ اندوزی پر بھی کارروائی کریں گےکھاد اور زرعی ادویات میں ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری پر کارروائی ہوگی۔

اجلاس کے دوران کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں  کھاد کی زائد قمیت وصول کرنے پر رواں مالی سال کے دوران 58 مقدمات درج،12 گرفتار ہوئے اور  96 لاکھ 63 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اسی طرح زرعی ادویات میں ملاوٹ پر 23 مقدمات کا اندارج کرکے 24 گرفتار اور  ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی زرعی ادویات ضبط کی گئیں۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کےلئے ضرورت کے مطابق نہری پانی فراہم کیا جائے۔اجلاس میں ہیلتھ،پرائس کنٹرول اور دیگر معاملات کا  بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،اے سیز اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔