ڈی جی خان؛ مختلف فوڈ پوائنٹس پر چھاپے، نقاص انتظامات پر 2 بیکریوں کی پروڈکشن بند کردی گئی

17

ڈیرہ غازی خان،26 ستمبر(اے پی پی): فوڈ اتھارٹی کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں جاری ہیں، ڈیرہ غازی خان،بہاولپور ڈویژنز میں مختلف فوڈ پوائنٹس پر چھاپے مار کر ناقص انتظامات پر 2 بیکریوں کی پروڈکشن بندکر دی گئی ہے ۔

ترجمان فوڈاتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر عوام تک ملاوٹ سے پاک خوراک پہنچانے کا مشن جاری ہے اور کلمہ چوک ڈی جی خان میں دودھ کی دوکان  کے ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 12 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا،اسی طرح جام پور میں بیکری یونٹ کو کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔اس کے علاوہ جمن شاہ،بھاگل اڈا لیہ میں 2 سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ کو پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار پائے جانے،زنگ آلود مشینری کا استعمال کرنے پر بہتری تک کام سے روک دیا گیا۔اس کے علاوہ ہائی وے روڈ خانقاہ شریف بائی پاس بہاولپور میں ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں ایکسپائرڈ اجزاء کا استعمال کرنے پر 40 ہزار روپے جرمانہ جبکہ یزمان میں آئس فیکٹری کو پانی کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے پر 15 ہزار روپے اور میلے والی گلی بہاولپور سٹی میں ڈسٹری بیوٹر یونٹ کو ایکسپائرڈ اشیاء بیچنے پر 12 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا اور شاہی روڈ،چوک حسن رحیم یار خان میں 2 سپر سٹورز کو ممنوعہ گٹکا،ایکسپائرڈ اشیاءکی فروخت کرنے پر 30 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔