کاشتکاروں کو  فائدہ پہنچانے کیلئےمیرپورخاص میں مختلف زرعی منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے؛ کمشنر

24

 میرپورخاص،19 ستمبر (اے پی پی): ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے میرپورخاص ڈویژن میں زرعی منصوبوں کا آغاز کرنے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ دو دن کے اندر فراہم کی جائے، پہلے سے ہی زرعی اعتبار سے زرخیز علاقہ ہے اس لئے زراعت کو مزید فروغ دینے کے لیے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ میرپورخاص کی جانب سے مختلف زرعی منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ نہ صرف یہاں کے  کاشتکاروں کو  فائدہ پہنچ سکے بلکہ وہ اپنا روزگار شروع کر کے زرعی اجناس کو بیرون ممالک درآمد کر سکیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے آموں کی اقسام کو محفوظ بنانے کے لیے مینگو پلپنگ یونٹ لگانے ، کھارے پانی سے کپاس کی کاشت کرکے نئی اقسام متعارف کروانے ، اونٹوں کے دودھ کو محفوظ کر کے خشک بنا کر روزگار کرنے ، گوار اور کجھور کی پیداوار کرنے ، کنولا اور کنری کی مرچ منڈی کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کرنے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

کمشنر فیصل احمد عقیلی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں ، محکمہ زراعت اور محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں زرعی منصوبوں کے آغاز کے لیے  زرعی اور جنگلات زمین کی تفصیلات دو دن کے اندر فراہم کی جائیں تاکہ ایک جامع رپورٹ مرتب کی جائے اور جلد زرعی منصوبوں پر کام کا آغاز ہو سکے۔

اجلاس میں  برگیڈئیر چھور کینٹ ،  ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی ، ایڈیشنل کمشنر ون عمرکوٹ سھیل احمد سومرو ، ڈائریکٹر جنرل  پاکستان ریسرچ کونسل ذاکر حسین ڈاہری ، ڈائریکٹر اینیمل ہسبینڈری  حزب اللہ بھٹو ، ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیو اسٹاک ، محکمہ جنگلات کے افسران ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ریسرچ ولی محمد بلوچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔