کوئٹہ،29 ستمبر(اے پی پی ):بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی جشن عید میلادالنبی ﷺنہایت عقیدت، احترام اور جوش و جذبے سے منایا گیا ۔رسول اللہﷺ سے محبت کے اظہار کیلئے مرکزی جلوس کوئٹہ دربار عالیہ سریاب روڈ اور قمبرانی روڈ سے برآمد ہوئے۔
شہر کے مختلف علاقوں سے 30 سے زائد چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے ،کوئٹہ کے قمبرانی، سریاب روڈ، کرانی روڈ، جوائنٹ روڈ، منوجان روڈ اور دیگر علاقوں سے ہو تے ہوئے جلوس کے شرکاء میزان چوک پہنچے جہاں علما ئے کرام نے حضور ﷺ کی زندگی پر سے روشنی ڈالی، مقررین نے جلوس کے شرکا ءسے خطاب کیا۔
شرکاءسے علامہ محمد قاسمی،پیر علامہ سیف اللہ سمیت پیر خالد سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپﷺ کی ولادت ہوئی تو ساتھ ہی ایسا نور نکلا جس سے مشرق سے مغرب تک ساری کائنات روشن ہوگئی۔نبی آخر الزماں، انسان کامل، ہادی عالمﷺ اور وجہ تخلیق کائنات ہیں۔آپﷺ نے علم و نور کی ایسی شمعیں روشن کیں جس نے عرب جیسے علم و تہذیب سے عاری معاشرے میں جہالت کے اندھیروں کو ختم کر کے اسے دنیا کا تہذیب یافتہ معاشرہ بنا دیا۔
اس موقع پر مفتی مختار احمد حبیبی، ذوالفقار کھوسہ، علامہ سیف اللہ،تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے امیر حافظ سعید رضوی،نا ظم اعلیٰ محمد ظریف گجر و دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
عید میلادالنبی کے جلوس کے راستے کو خاردار تاریں اور کنٹینرلگا کربند کیا گیا جبکہ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تیں ہزار پانچ سو سے زائد پولیس اہلکار سمیت ایف سی کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے، جبکہ شہر میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بند رہی۔