گوجرانوالہ،01 ستمبر(اے پی پی):پنجاب لینڈریکارڈز اتھارٹی کے زیر اہتمام اراضی ریکارڈز سنٹرز سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے گوجرانوالہ میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں تمام اراضی ریکارڈ زسنٹر کے عملے کو تربیت فراہم کی گی،اس ضمن میں پنجاب لینڈ ریکارڈ ز اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر آپریشنز مس انجم زہرہ، ڈائریکٹر آئی ٹی اسامہ بن سعید، لیگل ایڈوائزر مغیث اسلم ملک،ایڈیشنل ڈائریکٹرز، چوہدری شفیق اور عامر مظفر نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ ریونیو کے مختلف حصوں جن میں ویلوایشن ٹیبل کے مطابق فیس کی پڑتال، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں ریکارڈ اور نام کی درستگی، فرد کا طریقہ کار، لینڈ ریونیو ایکٹ کے مطابق وراثتی انتقال کا عمل درآمد، ای رجسٹری اور پرانی رجسٹریوں کے انتقال کا طریقہ کار، لینڈ ریکارڈ سسٹم میں ملکیت /خسرہ بلاک کرنا، حکم امتناعی، منسوخی حکم امتناعی کا عمل، ایف بی آر فیس کی پڑتال جیسے ریونیو امور سے متعلق مروجہ اور تجدیدی مراحل پر تربیت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز مس انجم زہرہ نے کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں کمپیوٹرائزڈ لینڈ ایڈمنسٹریشن کے معیاری اور منظم نظام کے تحت اراضی ریکارڈ سنٹرزپر خدمات کی آسان اور شفاف فراہمی یقینی ہو گی۔