لاہور 27 ستمبر ( اے پی پی ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں گائیڈد ٹور کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور نگران کابینہ نے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ اور پنجاب کابینہ کے ہمراہ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس ایک قومی اثاثہ ہے، پہلی بار گورنر ہائوس لاہور کے بیرونی حصے ، سرسبز لانز کے علاوہ اندرونی حصے کو بھی عوام کے لیے ایک منظم طریقے سے کھولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس لاہور ایک تاریخی ورثہ ہے یہاں استاد اللہ بخش اور عبدالرحمان چغتائی کے نادر فن پارے موجود ہیں۔ یہاں قائد ونگ اور ملکہ الزبتھ نے جس کمرے میں قیام کیا تھا موجود ہے۔ ان سب تک عوام کو پہلی بار گائیڈڈ ٹور کی صورت میں رسائی دی جا رہی ہے
اس سلسلے میں ڈی جی والڈ سٹی، کامران لاشاری، سیکرٹری ٹورازم، ان محکموں اور گورنر سیکریٹریٹ کے افسران کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب گورنر ہائوس عارضی طور پر عوام کے لیے کھولا گیا تھا تو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس دفعہ لوگوں کو ایک منظم طریقے سے رسائی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سکولوں کالجز کے طلبا, ملکی ، غیر ملکی ٹورسٹ اور عوام کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہیں بہت کچھ دیکھنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ان گائیڈڈ ٹورز کی بکنگ لیے والڈ سٹی نے ایک ایپ بنائی ہے۔ اور والڈ سٹی اتھارٹی کی ٹورسٹ بس کا ایک سٹاپ گورنر ہائوس میں ہو گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اس پراجیکٹ کا کریڈٹ گورنر پنجاب کو جاتا ہے۔ میں نے اس گائیڈڈ ٹور میں قاسم خان کے مزار سمیت ایسی تاریخی چیزیں دیکھیں جو ایک منفرد تجربہ ہے۔ اس گائیڈڈ ٹور کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔











