کراچی،24اکتوبر(اے پی پی ):انجمن حیات الاسلام گرلز ڈگری کالج کے زیر اہتمام انٹر میڈیٹ جنرل سائنس گروپ میں اول پوزیشن حاصل کرنے والی کالج کی طالبہ فضہ جمال کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ادارے کے ایڈمنسٹریٹر اکبر حسن جوکھیو مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک و نعت رسول ﷺ سے کیا گیا ۔
استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل مسز حمیرا کامران نے کہا کہ آج ہم ایک تاریخ ساز کارنامے کی خوشی منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں ،اس کامیابی پر والدین و اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ فضہ بتول بارش کا پہلا قطرہ نہیں ہے نہ ہی آخری مجھے اپنی طالبات سے امید ہے کہ وہ اس روایت کو قائم رکھیں گی۔
اس موقع پر فضہ جمال کے والدین کو اسٹیج پر بلا کر ایڈمنسٹریٹر اکبر حسن جوکھیو کے ہاتھوں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور فضہ جمال کو تالیوں کی گونج میں حسن کارکردگی شیلڈ پیش کی گئی۔
اس موقع پر طالبات کا جوش و خروش عروج پر تھا۔ بعد ازاں گیارہویں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ سیدہ ماریہ ظہیر کو حسن کارکردگی شیلڈ پیش کی گئی ۔
فضہ جمال کے والد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو امتحان کا پریشر نہیں لینا چاہیے، ہماری بیٹی نے الگ سے ٹیوشن نہیں لی، نہ ہی الگ سے کلاسز لیں، بس ادارے کی محنت تھی اور اس کا تعلیم سے لگاؤ تھا یہ کامیابی ہم سب کے لیے قابل فخر ہے۔
ہونہار طالبہ فضہ جمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ یہ کامیابی میرے حصے میں آئی میرے ٹیچرز کی کاوشیں تھیں ،محنتیں تھیں ان کا معاونتی کردار نہیں بھول سکوں گی، بہت شفقت سے بہت محبت سے پڑھایا ،آج یہ منزل جو میں نے حاصل کی ہے اس میں پوزیشن سے زیادہ اہم یہ ہے میں نے ٹیوشن کی مدد نہیں لی۔ بس اتنا کہنا چاہتی ہوں کے محنت رائیگاں نہیں جاتی ہے ۔
تقریب میں اساتذہ کے ساتھ طالبات کی بھرپور تعداد شریک تھی۔