اوکاڑ؛ضلع میں 6 تھانوں کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز ڈکلیئر کردیا گیا،ڈی پی او

48

اوکاڑہ،26اکتوبر(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان نے ویڈیو پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں چھ تھانہ جات کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز ڈکلیئر کر دیا گیا جن میں اوکاڑہ کینٹ بھی شامل ہے۔ڈی پی او نے تھانہ کینٹ پہنچ کر تھانے کی دیوار پر لگی ہوئی شہداءکی تصاویر کے متعلق انکشاف کیا کہ ان شہداءنے اپنی جان قربان کرکے اوکاڑہ کی عوام کی جان ومال اور عزت کو محفوظ بنایا،ڈی پی او نے تھانہ میں گائیڈ کانسٹیبل سے اس کی ذمہ داری کے متعلق دریافت کیا۔

انہوں نے فرنٹ ڈیسک ایریا میں نصب کیومیٹک مشین کے طریقہ استعمال کا عملی مظاہرہ کیا اور کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ تھانوں سے وہ جو تھانہ کلچر تھا جس میں ٹاوٹ اور ریفرنس کا نظام تھا اس کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔ ڈی پی او نے تھانہ کینٹ میں نصب جدید نظام کی افادیت بتائی جس کے ذریعے ڈی پی او، آر پی او اورآئی جی پولیس اپنے دفاتر میں بیٹھ کے تمام شکایات کو دیکھ سکتے ہیں۔

ڈی پی او نے بتایا کہ تھانوں میں چار سے چھ بجے تک تمام ایس ایچ او صاحبان خود تمام سائلین کو سنتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ ہمارا وکٹم سپورٹ آفس قائم ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خواتین، بچے، ٹرانس جینڈر اور بہت بوڑھے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں جن کے لیے ہم نے الگ سے تحفظ مرکز بھی قائم کیا ہے اور ہر تھانے کے اندر وکٹم سپورٹ لیڈیز افسر ان ڈیل کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک انتہائی ماڈرن ڈیجیٹالائز انفارمیشن ٹیکنالوجی پر چلنے والی آرگنائزیشن ہیں، پنجاب پولیس سے زیادہ ٹیکنالوجی کااستعمال شاید ہی کسی اور محکمے میں ہوتا ہو اورہم پرعزم ہیں، ہمارے خدمت مراکز میں جہاں پر متعدد افرادآتے ہیں ایک بھی شکایت ہمیں کرپشن ، بدتمیزی یا بدتہذیبی کی موصول نہیں ہوتی اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے تھانوں کا کلچر ایسا ہو جہاں ہرآنے والا ہمارے لیے ہمارا مہمان ، انتہائی معزز ہو اور اس کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے۔