اوکاڑہ؛ ماحول کو سموگ فری بنانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے بہترین انداز میں امور کی انجام دہی کو یقینی بنائیں؛سیکریٹری نادر چٹھہ

33

 

اوکاڑہ،23اکتوبر(اے پی پی ):سیکریٹری  زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے ہدایت کی ہے کہ ماحول کو سموگ فری بنانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے بہترین انداز میں امور کی انجام دہی کو یقینی بنائیں، محکمہ زراعت کے افسران فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ کریں اور سموگ کا باعث بننے والے عوامل کی حوصلہ شکنی کریں، کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے باز رکھنے کے لئے ان کی ذہن سازی بھی کی جائے اور  اگلے چند روز سموگ کے خطرات سے بچاؤکے لئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں  ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد سموگ مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  کیا۔سیکریٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران فیلڈ میں انسداد سموگ کے لئے کی گئی کارروائیوں کی درست رپورٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں سموگ سے بچاؤکےلئے پانی کا چھڑکاؤ زیادہ سے زیادہ کیا جائے جبکہ سرکاری افسران پٹرول کی کوالٹی کو بھی چیک کریں اور ناقص پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

سیکریٹری  زراعت پنجاب نادر چٹھہ  نے کہا کہ   کاشتکارمعیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کاشتکاروں کو جعلی کیمیائی کھادیں ،جعلی بیج اور ملاوٹ شدہ ادویات فروخت کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ضلع اوکاڑہ میں انسداد سموگ کے لئے کی جانےوالی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں اب تک انسداد سموگ کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے409مقدمات اور 3لاکھ 75ہزار جرمانے کئے جا چکے ہیں اور انسداد سموگ کے لئے محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈ عملہ گاؤں گاؤں جا کر لوگوں کی آگاہی کے لئے سیمینارز منعقد کر رہے ہیں جس میں کاشتکاروں کو دھان کی باقیات کو نہ جلانے اور آگ لگانے سے زمین کی زرخیزی متاثر ہونے بارے مکمل آگاہی دے رہے ہیں ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ،ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع اعجاز احمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر آن فارم واٹر مینجمنٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔