اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):نیشنل کالج آف آرٹ (این سی اے) اسلام آباد کیمپس میں کمیونٹی آؤ ٹ ریچ پروگرام کے تحت6ماہ پر محیط چھٹے بیچ کے پاس آئوٹ ہونے والے طلباوطالبات کی پینٹگز کی نمائش منعقد ہوئی ۔ خصوصی بچی سمیت درجنوں ڈپلومہ شرکا نے 100 سے زائد پینٹگز اپنے فائنل پراجیکٹ کے طور پر نمائش میں پیش کیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری کی ہدایات پر این سی اے اسلام آباد کیمپس کی انچارج حدیقہ عامر کی سربراہی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لئے این سی اے اسلام آباد کیمپس میں کمیونٹی آئوٹ ریچ پروگرام کا آغاز کیا گیا ۔ 6 ماہ کا ڈپلومہ مکمل کرنے کے بعد قوت گویائی اور سماعت سے محروم بچی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے تھیسز کے طور پر حتمی پراجیکٹ میں دی گئی پینٹنگز نمائش کے لئے رکھی گئیں ۔ این سی اے اسلام آباد کمیپس کے ایڈمن شعبہ سے تعلق رکھنے والے محمد شیراز ادریس ، ایسوسی ایٹ پروفیسر عقیل سولنگی ، محمد ذیشان یونس سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اس پروقار نمائش میں شریک ہوئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این سی اے اسلام آباد کیمپس کی انچارج حدیقہ عامر نے کہا کہ اس آئوٹ ریچ پروگرام کا مقصد پیشہ وارانہ زندگی کی مصروفیت کے باعث معمول کے اوقات اور عمر کی پابندی کے باعث اپنا آرٹ ورک جاری نہیں رکھ سکے تھے ان کے لئے یہ سہولت گئی ہے ، این سی اے ڈپلومہ اور ڈگری پروگرامات میں عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی ۔