لاہور17اکتوبر( اے پی پی ): نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ فیصل آبادمیں کوچ میں سفرکرکے منفرد روایت قائم کی۔چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹریز بھی کوچ میں بیٹھ کر کمشنر آفس سے ہوٹل پہنچے۔بعد ازاں کمشنر آفس میں وزیر اعلی محسن نقوی سے فلور ملز ایسوسی ایشن،کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب، بار ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقاتیں کیں اور بریفنگز بھی دی گئیں۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیراعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آٹے کے نرخ کم کرنے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ آٹے کی قیمت میں کمی سے صوبے کے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ گندم کی ریلیز پالیسی کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی سے کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر و جنرل سیکرٹری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے دالوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی سے فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات میں وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے مسائل خود نوٹ کئے اور حل کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ وکلاء کی لائبریری کے قیام کے لئے معاونت کریں گے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فیصل آباد میں بجلی چوری روکنے کیلئے جاری آپریشن سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو نے بجلی چوری روکنے کے لئے جاری آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو فیصل آباد ڈویژن کے کمشنر، آر پی او،ڈی سیز اور ڈی پی او نے بھی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، سی پی او فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔











