پشاور،3 اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ایڈورڈ کالج کی صوبہ میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں ایک تاریخ ہے، ایڈورڈ کالج کا تاریخی تعلیمی معیار برقرار رکھنا میرا مشن ہے، اسلئے تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی اپنا فرض سمجھتا ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایڈورڈز کالج پشاور کے دورہ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے ایڈورڈ کالج میں نئے اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور کالج کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ تاریخی تعلیمی درسگاہ کے نئے اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھ کر دلی خوشی ہوئی، میں خود ایڈورڈ کالج کے تعلیمی، انتظامی معاملات کو باریک بینی سے دیکھ رہا ہوں۔
اس موقع پر پرنسپل ایڈورڈ کالج نے بتایا کہ نیا اکیڈیمک بلاک گراونڈ اور فرسٹ فلور سمیت 9 کمروں پر مشتمل ہو گا، اسکے لئے ہم گورنر کی تاریخی کالج کی علمی تعمیری ترقی، تزئین و آرائش میں سنجیدگی و تعاون پر شکر گزار ہیں۔
تقریب میں بشپ منو رمل شاہ، قائمقام پرنسپل ایڈورڈ کالج ڈاکٹر شجاعت علی، سارہ صفدر سمیت طلباء و طالبات و اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔