بھکر؛ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے انقلابی نوعیت کے پروگرامز پر بھرپور انداز سے عملدرآمد جاری ہے، ڈپٹی کمشنر

37

بھکر،07اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان  نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے انقلابی نوعیت کے پروگرامز پر بھرپور انداز سے عملدرآمد جاری ہے، گزشتہ 75 سالوں میں دیہی علاقوں کو مختلف سہولیات صفائی ستھرائی ،ناجائز تجاوزات کے خاتمہ وغیرہ کے حوالہ سے نظر انداز کیاجاتا رہا ہے اب حکومت پنجاب  دیہی علاقوں کی محرومیوں کے خاتمہ کیلئے موثر انداز میں توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر بھکر کے آفس میں چوکیدار بھرتی کے عمل کے موقع پر جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ میں پٹواری ،نمبردار اور چوکیدار کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے مختلف سرکاری محکمہ جات جیسا کہ زراعت ،لائیو سٹاک اور ہیلتھ وغیرہ کی گاؤں میں فراہم کردہ سروسز گاؤں میں تشکیل کردہ کمیٹیوں کی کوآرڈی نیشن سے کام کریں گی تاکہ گاؤں کی سطح پر بھی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل بھکر میں مجموعی طور پر چوکیداروں کی 231 آسامیاں موجود ہیں جن میں سے 195 خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے چوکیداروں کیلئے دیگر سہولیات کیساتھ ساتھ ان کیلئے اعزازیہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔چوکیداری نظام سے گاؤں میں ٹھیکری پہرے کا نظام بھی موثر انداز میں فعال ہوجائے گا جس سے دیہی علاقوں میں امن و امان اور دیگر انتظامی امور میں خاطر خواہ بہتری آئے گی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نمبرداروں کے خالی پڑے ہوئے عہدوں کو بھی مکمل کیا جارہا ہے۔