بھکر،31اکتوبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے موضع ڈگر رہتاس میں گندم کی کاشت برائے سال 24- 2023 کا باقاعدہ طور پر افتتاح ٹریکٹر چلا کر کیا۔افتتاح کے بعد موقع پر موجود حاضرین کی جانب سے بہترین پیداوار کے لیے خصوصی طور پر دعا بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم کی وقت پر کاشت بہترین پیداوار کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ 1 نومبر سے 20 نومبر گندم کی کاشت کا بہترین وقت ہے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نےچک نمبر 33ٹی ڈی اے میں گندم اور تیلدار اجناس کی بہترین پیدوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کیلئے تشکیل کردہ فارمر ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہترین فصل کے حصول کیلئے عمدہ اور معیاری بیج کا استعمال نہایت اہمیت کا حامل ہے کاشتکار حضرات گندم کی بہتر پیدوار کیلئے عمدہ بیج کا انتخاب کریں حکومت پنجاب کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بھرپور انداز میں اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن گندم کے 50 کلو گرام کے بیگ پر کاشتکار بھائیوں کو 1500 روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جبکہ جڑی بوٹی مار زہر پر 3سو روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جارہی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی بہتر مینجمنٹ اور کسانوں کی محنت کی بدولت پنجاب بھر میں فی ایکڑ کپاس کے پیداواری مقابلہ جات میں ضلع بھکر نے پہلی دو پوزیشن حاصل کی ہیں اور 63 من فی ایکڑ کپاس کی ریکارڈ فصل حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب گندم کی بہتر کاشت کیلئے کسانوں کو سبسڈی پر معیاری بیج اور جڑی بوٹیوں سے بچاؤ کیلئے زہر فراہم کیا جائے گا اور محکمہ زراعت کی جانب سے بہتر فصل کیلئے مفید مشورے بھی دئے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر شوکت علی عابد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کسانوں کو بہتر کاشت کیلئے نہایت مفید تجاویز فراہم کی ان کا کہنا تھا کہ گندم کی بہترین کاشت کا وقت یکم نومبر سے 20نومبر تک ہے۔