بھکر،17 اکتوبر (اےپیپی ):عوام الناس کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی فراہم کرنے کیلئے ضلعی انجمن تاجران سے مستقل بنیادوں پر مشاورتی عمل جاری رکھا ہوا ہے ڈیزل و پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے سبب مختلف اشیائے خورودونوش کی قیمتوں کو بھی کم کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں مختلف اقسام کی دالیں ،چاول ،چکن ،چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جن کا باقاعدہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جارہا ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خاں ،جنرل سیکریٹری عاشق حسین کھوکھر سمیت دیگر ضلعی انجمن تاجران کی مرکزی قیادت بھی موجود تھی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہاکہ ضلع بھر میں اشیائے خردونوش کے سرکاری ریٹس کا تعین کرتے ہوئے دیگر اضلاع کی مرکزی منڈیوں کے ریٹس بھی لئے جارہے ہیں تاکہ کیرج چارجز کے بعد مناسب قیمتوں کا تعین کیاجاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجران کی مرکزی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دکانوں پر اشیائے خردونوش کی قیمتوں میں کی جانیوالی کمی کے سرکاری تعین کردہ نرخنامے نمایاں جگہ آویزاں کئے جائیں تاکہ صارفین خریداری کے وقت سرکاری نرخناموں سے آگاہ رہیں ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ ضلع کی تاجر برادری عوام الناس کو بھرپور ریلیف کی فراہمی میں اپنا خصوصی کردار ادا کرے اس سلسلہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی متحرک انداز میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے ۔