بیجنگ؛ پاکستانی سفارتخانہ میں یوم سیاہ کشمیر پر تقریب، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا

36

بیجنگ،27اکتوبر(اے پی پی): مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارتی تسلط کو 76 سال مکمل ہونے پرپاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ  اور   نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جس میں کشمیریوں کے لیے پاکستان کی مسلسل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی وابستگی اور حمایت کو اجاگر کیا گیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان ان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے جنہوں نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے تحت بے پناہ مصائب برداشت کیے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اورکہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین  خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند  کیا جائے ۔

 بلال محمود چوہدری  نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے اپنا صحیح کردار ادا کرے۔

اس موقع پر چین کے ممتاز سکالر اور جنوبی ایشیا کے ماہر کیان فینگ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا تھا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو دکھایا گیا ۔

یاد رہے کہ 76 سال قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے، بھارت کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔