بھکر،09 اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان ضلع کے تعلیمی اداروں میں علم دوستی کے فروغ کے حوالے سے بھی مصروف عمل ہیں ،انہوں نے کہا کہ ضلع کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کا خواہاں ہوں تاکہ بلند معیار تعلیم اور بہتر تعلیمی نتائج کی بنیاد پر سرکاری سکولوں بارے عوام الناس کے رجحانات میں مثبت تبدیلیاں پیدا کی جا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ماڈل ایلمنٹری سکول چاہ چمنی کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کرام کے تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور ادارہ کے طلباء سے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے دریافت کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کی شخصیت ،طلباء کیلئے مشعل راہ ہے۔ صاف ستھرے لباس زیب تن کریں اورطلباء کو بھی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور صاف ستھری وردی استعمال کرنے کی تلقین کریں۔انہوں نے اساتذہ کرام کو بچوں کیساتھ دوستانہ ماحول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔
ڈاکٹر نور محمد اعوان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کے بیشتر سکولوں کا معائنہ کرچکا ہوں، تعلیمی اداروں میں بہترین اساتذہ کرام عمدہ انداز میں تدریسی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ، اسی تسلسل کیساتھ تعلیمی سرگرمیوں کو برقرار رکھا جائے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے سکول میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔











