اسلام آباد،2اکتوبر(اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ملکی مسائل پر مل بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو تباہی نہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا، جو قومیں تاریخ سے نہیں سیکھتیں وہ نقصان اٹھاتی ہیں۔
وہ پیر کو یہاں معروف مصنف ڈاکٹر فاروق عادل کی کتاب ”ہم نے جو بھلا دیا: تاریخ پاکستان کے گمشدہ اوراق“ کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی صدارت سینیٹر عرفان صدیقی نے کی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کتاب کی تقریب رونمائی پر ڈاکٹر فاروق عادل کو مبارکباد پیش کی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عادل نے اپنی کتاب میں ملکی تاریخ کے پہلوئوں پر روشنی ڈالی، اس کتاب کے اندر ہماری گورننس، جمہوریت کے ارتقائی، ریاست کے تعلقات اور خارجہ پالیسی سمیت بہت سے مسائل کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخ سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت کا تعین انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر فاروق عادل نے اپنی کتاب کے ذریعے ایک ایسا حسیں اور خوشگوار لمحہ فراہم کیا ہے جہاں مختلف النوع افراد ایک جگہ بیٹھ کر تاریخ کے بارے میں گفتگو کر سکتے ہیں۔ ہمیں اسی طرح کے کلچر کی ضرورت ہے اور یہی کلچر ہمیں آگے لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عادل نے اپنی کتاب میں ملک کے بنیادی مسائل کا ذکر کیا، ہمیں ان مسائل پر کھلے دل سے بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے، اسی طرح ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی بنیادی مسائل کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
تقریب سے ڈاکٹر افتخار عارف، عبدالباسط مجاہد، محبوب ظفر، ڈاکٹر فاروق عادل، خورشید ندیم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔











