حب؛ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کیخلاف ریلی

14

حب،18 اکتوبر(اے پی پی ): سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال خان کی ہدایت پر جام گروپ کی جانب سے ضلع حب اور ضلع لسبیلہ بھر کے تمام تحصیلوں کے کارکنان کیجانب سے فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی بربریت کیخلاف اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں جام گروپ کے سینئر رہنماؤں، کارکنان سمیت دیگر سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنماوں شرکت کی ۔ احتجاجی ریلی میں شریک شرکاء نے  قومی شاہراہ کا گشت کیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مردہ باد اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔

 ریلی کے شرکاء نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کیجانب سے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر بربریت اور ظلم و زیادتی کے خلاف فوری نوٹس لے۔

 کراچی بس اسٹاپ جلسہ میں شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل دنیا کا دہشتگرد ملک ہے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بمباری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا جینا اور مرنا فلسطین اور مسجدِ اقصیٰ کے ساتھ ہے۔فلسطین پر اسرائیلی بربریت بہت جلد ختم ہوگی،وہ دن دور نہیں ہے جب اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ اسرائیل ہے جسے فلسطینیوں نے پناہ دی آج یہی نمک حرام اسرائیل فلسطین پر بم برسا رہا ہے۔ انشاءاللہ پاکستانی عوام ہم اپنے فلسطینی بھائیوں اور مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں گے، دکھ کی اس کھڑی میں ہم اپنے فلسطین بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔