فیصل آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جوں جوں معاشی اعشاریے بہتر اور ہماری اقتصادی حالت مستحکم ہورہی ہے اسی تناسب سے ریلیف عوام تک منتقل کیا جارہا ہے اور چونکہ ڈالر کی قیمت میں کمی سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بھی کمی آئی ہے لہٰذا ہم نے فوری طورپر پٹرول کی قیمت میں 40 روپے لیٹر کی بڑی کمی کرکے اس کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کا نہ صرف فیصلہ کیا بلکہ ان سمیت پوری کابینہ اور صوبائی، ڈویژنل و ضلعی انتظامی حکام مسلسل ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کے کرایوں، آٹے، گھی، دالوں، چینی، چکن اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے کوشاں تھے جس میں انہیں بڑی حد تک کامیابی ہوئی ہے اور وہ مختلف اشیا کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کررہے ہیں جس کا براہ راست فائدہ عوام کو ہوگا اور انہیں بڑی حد تک ریلیف ملے گا۔ وہ منگل کی شام ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد میں مختلف کاروباری وفود سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار فیصل آباد میں پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کمشنر نے انہیں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اہم پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی جس سے فیصل آباد مزید برق رفتاری سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ڈیزل بسوں کے کرایوں میں 10 فیصد، ویگنوں و بسوں کے کرایوں میں 15 سے17 فیصد، گڈز ٹرانسپورٹ یعنی ٹرکوں کے کرایوں میں 10 فیصد، دالوں کے ریٹس میں 10فیصد کے حساب سے 20 سے 30 روپے فی کلو، آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 15 روپے فی تھیلا، گھی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو، مرغی کے گوشت کی قیمت میں 10 فیصد کمی کااعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی جس کی ایکس مل قیمت 133 روپے تھی مگر مارکیٹ میں وہ 180 روپے تک مل رہی تھی اب اس کی قیمت 145 روپے کلو تک آگئی ہے جس میں مزید کمی بھی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام انتظامی و حکومتی حکام مسلسل تاجر تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں میں ہیں تاکہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی جاسکے اور اس کیلئے بھرپور اقدامات بھی جاری ہیں جن کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان روزانہ صبح ساڑھے 9 بجے صوبہ بھر کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ آن لائن میٹنگ کرکے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا کریں گے اور عوام تک قیمتوں میں کمی کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ان کی اولین ترجیح ہے اور تمام حکام و سٹیک ہولڈرز پر واضح کردیا گیا ہے کہ اس میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اکانومی مضبوط ہورہی ہے لہٰذا آنیوالے دنوں میں مزید خوشخبریاں بھی ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیزوں کے نرخوں میں کمی کرناان کا فرض ہے اسلئے وہ کسی پر احسان نہیں کررہے۔فیصل آباد میں عرصہ دراز سے التوا کا شکار صحافی کالونی کے قیام کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کیلئے کوئی چیز ضرور کر کے جائیں گے۔اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کی ہڑتال اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نجکاری کے حوالے سے ابھی وہ کوئی تبصرہ نہیں کریں گے لیکن وہ یہ ضرور کہیں گے کہ حکومت نے کسی کا کوئی نقصان نہیں کیا اور نہ کریں گے بلکہ حکومت نے ٹیچروں کی 35 فیصد تنخواہیں بڑھائی ہیں اور 14ہزاراساتذہ سمیت کل 36 ہزار سرکاری ملازمین کوترقیاں دی ہیں لیکن چونکہ فنانشل ایشو ہے اسلئے وہ صوبہ کو دیوالیہ نہیں کرسکتے اور اگلی حکومت کے فائدے کیلئے کام کر رہے ہیں۔فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ کے بہتر نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد سے فیصل آباد کیلئے بہتر ٹرانسپورٹ منصوبہ پربات ہوئی ہے اور چونکہ یہ لانگ ٹرم منصوبہ ہے اسلئے اس پر بھی کام ہورہا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ پبلک کوجہاں سے بھی ممکن ہوسکتا ہے ریلیف ملے اورہمارا فرض ہے کہ ہم جتنی دیر کام کررہے ہیں پوری دلجمعی اور محنت و لگن سے کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام وزرا،چیف سیکرٹری اور آئی جی کے ہمراہ چیمبر آف کامرس آئے ہیں تاکہ بزنس کمیونٹی سے عوامی ریلیف اور تاجروں کے مسائل پر بات کی جاسکے لہٰذاانکا آج کا دورہ بہترین تھا۔،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ48گھنٹوں میں پیٹرول سستا ہونے کی سہولت مسافروں کو ملے اسی لئے گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے پورے صوبے میں مسافروں کو ریلیف مل رہا ہے اور جہاں اکا دکا جگہ سے کوئی شکایت آرہی ہے اسے متعلقہ ڈپٹی کمشنر خود دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج وہ جو اقدامات کررہے ہیں اس میں وہ اپنا بجٹ بھی دیکھ رہے ہیں اوروہ صوبے کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں کسی کا نقصان نہیں کررہے۔محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے الیکشن نہیں لڑنابس ان کی صرف یہ کوشش ہے کہ آنیوالی منتخب حکومت کو مسائل کا کم سے کم سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو بھی انوالو کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پرتمام صوبائی وزرا،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،صوبائی اعلیٰ انتظامی حکام، کمشنر فیصل آباد،ڈپٹی کمشنر اور سی پی او فیصل آبادبھی موجود تھے۔











