زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لیے دینی و دنیاوی تعلیم انتہائی ضروری ہے؛ عبدالرشید سومرو

39

ٹنڈومحمدخان،25اکتوبر(اے پی پی): سینئر و نامور استاد عبدالرشید سومرو نے کہا کہ زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لیے دینی و دنیاوی تعلیم انتہائی ضروری ہے، تعلیم ہی ہمیں اچھے برے، غلط اور صحیح  کا فرق بتاتی ہے، ایک تعلیم یافتہ شخص ہی ملکی ترقی کا زریعہ بنتا ہے۔

 یہ بات انہوں نے گورنمنٹ کیمپس بوائز ہائی اسکول بلڑی شاہ کریم میں طلبہ کے تربیتی ورکشاپ کے ابتدائی سیشن سے خطاب کے دوران کہی۔عبدالرشید سومرو کا کہنا تھا کہ دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے دنیاوی تعلیم کے حصول میں درسی کتابیں جبکہ آخرت میں کامیابی حصول کیلئے قرآن پاک کی تعلیم انتہائی ضروری ہے، دینی و دنیاوی تعلیم میں سے کسی ایک کو بھی خود سے دور کیا گیا تو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کے حصول کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کی دینی و دنیاوی کامیابی کے لیے انگریزی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کے حصول کو بھی یقینی بنائیں۔