پشاور،17 اکتوبر(اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول نانک پورہ میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا’جسمیں ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد اور ٹیم نے طلباء کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس‘ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔
ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے‘ دوران سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے محفوظ سفر یقینی ہوگا،
انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے‘
سیمینار کے اختتام پر ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے طلباء و طالبات کو عملی طور پر روڈ کراسنگ کے حوالے سے تربیت دی۔.