سیالکوٹ،19 اکتوبر (اے پی پی):آل پاکستان پیکیجنگ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکی اعجاز قریشی نے کہا ہے کہ پیکیجنگ انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا جائے،آن لائن کاروبار ، ای کامرس کے آنے اور وسیع پیمانے پر مقبولیت نے پیکیجنگ سیکٹر کی اہمیت اور قدر کو بڑھا دیا ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ذکی اعجاز قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام ایکسپورٹ انڈسٹری پیکیجنگ کیلئے مقامی صنعت سے ہی استفادہ کر رہی ہے،پاکستان کی پیکیجنگ انڈسٹری بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس دور میں کوئی بھی ملک امپورٹ اور ایکسپورٹ کے بغیر چل نہیں سکتا اورکوئی بھی انڈسٹری پیکیجنگ سیکٹر کے بغیر نہیں چل سکتی ہے، پیکیجنگ انڈسٹری تمام صنعتوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ذکی اعجاز قریشی نے کہاکہ پیکیجنگ انڈسٹری پاکستان کے اہم اور تخلیقی شعبوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ برآمد پر مبنی اور گھریلو صنعتوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے،پیکیجنگ انڈسٹری ٹیکسٹائل کے بعد پاکستان کی 5ویں سب سے بڑی صنعت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر طرح کے پیکیجنگ میٹریل اور مصنوعات جیسے کاغذ،گتے،ریپنگ فلم،ٹیپ،پلاسٹک،کلاس،دھات اور لکٹری پاکستان میں تیار کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند سالوں میں جدت اور ماحول دوست پیداوارمیں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،پاکستان میں مصنوعات کی فزیکل اور کیمیائی خصوصیات کے مطابق پیکیجنگ کے شعبہ میں نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیکیجنگ انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا جائے،اس عمل سے زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گے جس سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر کامرس اینڈ انڈسٹری کامرس اینڈ انڈسٹری عامر مجید شیخ نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پیکجنگ انڈسٹری کوہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی،پیکجنگ انڈسٹری کے نمائندگان کو سیالکوٹ چیمبر کی ڈپارٹمنٹل کمیٹیز میں نمائندگی بھی دی جائے گی ۔انہوں نے لاہور چیمبر کے نائب صدرعدنان خالد بٹ اور دیگر عہدیداران کو سیالکوٹ چیمبر پر خوش آمدید کہا۔
تقریب کے آخر میں محمد اکرم ورک کو آل پاکستان پیکیجنگ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن سیالکوٹ زون کا چیئرمین نامزد کیا گیا۔











