نوشہرہ ورکاں،19اکتوبر( اے پی پی ): پاکستان بار کونسل کی کال پر تحصیل بار ایسوسی ایشن نوشہرہ ورکاں کے وکلاءکی جانب سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پراسرائیل کی جانب سے وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا اور ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔
ریلی میں وکلاءکی کثیر تعداد نے شرکت کی ، ریلی کے شرکاءاسرائیل مردہ باد ، اور اسرائیل کا جو یار ہے ، وہ غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگا رہے تھے، ریلی کچہری سے شروع ہو کر حیدریہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
مقررنین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیاہے فلسطین کے ہسپتالوں اور نہتے فلسطینیوں پر بمباری بند کروائی جائے ،غزہ کی ناکہ بندی فوری ختم کر کے غزہ میں بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب دنیا کے منصفوں کو اسرائیل کے مظالم نظر آنے چائیں اور اسرائیل کو لگام دینے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔











