صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی قطرکی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سلیم حماد عقیل النابت سے ملاقات

34

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور قطر کے باہمی مفاد کیلئے معیشت اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون آئندہ سالوں میں مزید بہتر ہو گا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار قطری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سلیم حماد عقیل النابت سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک۔قطر تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند کاروباری و اقتصادی تعلقات میں بدلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان اور قطر کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ منائی جائے گی، امید ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون آئندہ سالوں میں مزید بہتر ہوگا۔ صدر مملکت نے گزشتہ سال کے سیلاب کے دوران انسانی امداد فراہم کرنے ، مشکل گھڑی میں پاکستان کی مالی مدد پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے قطر کو فیفا 2022 فٹ بال ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے قطری چیف آف سٹاف کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز ملنے پر بھی مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سلیم حماد عقیل النابت کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز بھی عطا کیا ۔ صدر مملکت نے اعزاز دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعاون کے فروغ میں کردار کے اعتراف میں عطا کیا۔