قصور،25اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی سموگ کنٹرول کیلئے فیلڈ میں متحرک، ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری اور محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ مختلف بھٹوں کا اچانک دورہ کیا اور گنڈا سنگھ روڈ اور بائی پاس پر مختلف بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بھٹوں پر اینٹوں کی بھرائی کا طریقہ کار بلور اور فین کو چیک کیا۔انہوں نے بھٹہ مزدوروں سے بھی ملاقات کی اور اجرت کے بارے دریافت کیا۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمدارشدبھٹی نے کہاکہ سموگ تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور کوشاں ہے، سموگ کا موجب بننے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے، ضلع بھر میں تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آلودگی کا موجب بننے والے انڈسٹریل یونٹس، بھٹوں، فصلوں کی باقیادت جلانے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، شاہراؤں پر سموگ و گردو غبار کے تدارک کیلئے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، سموگ کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اور عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔