مریضوں کو کراچی ریفر کرنے کی روایت ختم کریں اور مریضوں کا یہیں علاج کریں:کمشنر

42

نوشہرو فیروز19 اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر شہید بےنظیر آباد ڈویزن  سید محمد سجاد حیدر نے تمام سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کو ہدایات کی ہیں کہ وہ اسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں وہ آج نوشہروفیروز کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفیس میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ا نہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسپتالوں کے اسٹور دوائوں سے بھرے پڑے ہوتے ہیں مگر مریضوں کو دوائی نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت دوائوں کی خریداری میں کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ یہ دوائیں غریب مریضوں تک پہنچیں۔انہوں نے ڈاکٹروں  سے کہا کہ مریضوں کو کراچی ریفر کرنے کی روایت ختم کریں اور مریضوں کا یہیں علاج کریں کیوں کہ کراچی کے ڈاکٹر بھی اتنے ہی کوالیفائیڈ ہیں جتنے آپ لوگ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اسپتالوں میں غریب  طبقہ ہی علاج کے لئے آتا ہے اور وہ کراچی کے اسپتالوں کے علاج کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے وارڈ جو مریض داخل ہوں انہیں اگر ضرورت پڑے تو باہر سے دوائی خرید کردیں اور لوکل پرچیز کی دوائی کسی کو شفارش پر نہ دیں۔ انہوں نے اسپتالوں میں صفائی کا نظام بہتر کرنے کی ہدایات دیں. انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات دیں کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کریں کیوں کہ ان اسکولوں میں ہی آئندہ انتخابات میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے لہذا وہاں پانی، باتھ روم اور بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ  اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایات کی کہ وہ شہروں میں صفائی کا انتطام بہتر بنائیں۔انہوں نے مونو ٹیکنیکل انسی ٹیوٹ کے پرنسپال کو ہدایات دیں کہ وہ ٹیکنیکل اداروں کو بہتر بنائیں۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر اور میڈیکل سپرینٹنڈنٹ سول اسپتال نوشہروفیروز نے سول  اسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کمی نشاندہی کی۔ جس پر کمشنر صاحب نے  کہا کہ سیکریٹری ہیلتھ سے بات کرکے نوشہروفیروز میں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسمیع اللہ سنجرانی،اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ، ٹاؤن کمیٹی اور مختلف ٹیکنیکل کالجوں کے پرنسپال نے شرکت کی۔