حیدر آباد اکتوبر ،19 (اے پی پی): شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو نے یونیورسٹی کی اے آر ناگوری گیلری میں “ تاریخ کا دروازہ ” کے عنوان سے آج سات روزہ بین الاقوامی پوسٹر نمائش کا انعقاد کیا۔
نمائش کا مشترکہ افتتاح صدر آرٹ کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ اور وائس چانسلر شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے مشترکہ طور پر کیا جس میں حیدرآباد کی خوبصورتی، تاریخ، خزانے، روایتی کھانے، سیاحوں کے لیے پرکشش مقامات، ٹیکسٹائل، مزارات، نباتات اور حیوانات، دستکاری اور شاندار ورثے کی نمائش کی گئی۔
اس منفرد نمائش میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے 132 حصہ لینے والے ڈیزائنرز کو اکٹھا کیا گیا جن میں آذربائیجان، بیلاروس، کینیڈا، چین، قبرص، ڈنمارک، ایکواڈور، مصر، جرمنی، یونان، ہنگری، بھارت، انڈونیشیا، ایران، عراق، اٹلی، جاپان، اردن، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، میکسیکو، پاکستان، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، روس، سلوواکیہ، جنوبی کوریا، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، ترکی، یوکرین، امریکہ کے ڈیزائنرز کا کام پیش کیا گیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد احمد شاہ نے کہا کہ اس طرح کی نمائش ان کے لیے ایک شاندار تجربہ ہے کیونکہ یہ ڈیجیٹل پورٹریٹ کے ذریعے حیدرآباد کی پوشیدہ خوبصورتی کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ نے مختلف ممالک کے بین الاقوامی ڈیزائنرز کے ساتھ تعاون کیا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر کشی کے لیے پرعزم ہیں۔
سید محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں طلبہ کی تخلیق سے بہت متاثر ہیں اور آرٹ کونسل آف پاکستان مستقبل میں ہونے والے پروگراموں اور نمائشوں کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ طویل مدتی تعاون کر رہی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے کہا کہ حیدرآباد قدیم جین اور ہندو عمارتی ڈھانچوں، نوآبادیاتی فن تعمیر اور اسلامی اثرات کا امتزاج ہے اور ایک شہر ہے جو بلند و بالا ڈھانچوں اور آرائش شدہ لکڑی کے جھروکوں سے آراستہ ہے، جو آنکھوں کو خوش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمائش کا مقصد طلبہ ، فنکاروں، ڈیزائنرز، دانشوروں، مصنفین، میڈیا پروفیشنلز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کویکجہ کرنا ہے۔ نمائش کی نگرانی چیئرمین کمیونیکیشن ڈیزائن ڈپارٹمنٹ محمد سلیم جھتیال کاشف شہزاد اور عائشہ ندیم کی معاونت کے ساتھ کر رہے ہیں۔











