ملتان،6اکتوبر( اے پی پی): سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے ملتان ریسکیو اسٹیشنز کا دورہ کیا۔دورے کا بنیادی مقصد ملتان ڈویژن کے ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے دستیاب وسائل اور سروسز کی فراہمی کا جائزہ لینا تھا۔ ڈویژن کےڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے ایمرجنسی سروس کے حوالے سے دستیاب وسائل پر بریفنگ دی اور ریسکیوآپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کا کہنا تھا ریسکیو 1122 کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے آپریشنل ہیں،امدادی ہیلپ لائن 1122 پر موصول ہونے والی ہر ایک کال پر بروقت امدادی کارروائیوں کا عمل جاری ہے ۔سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروس کی فراہمی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ۔
سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈپارٹمنٹ نے ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز سے میٹنگ بھی کی ، میٹنگ میں سروسز کی فراہمی میں مزید بہتری کے حوالہ سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے ڈی ایچ اے اسٹیشن کا افتتاح بھی کیا اور ملتان ڈویژن میں زیر تعمیر ریسکیو اسٹیشنز کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں ۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر مزید ریسکیو اسٹیشنز کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محفوظ معاشرے کا تصور تب تک ممکن نہیں جب تک ہمارا ہر شہری ایمرجنسی بارے آگاہی اور تربیت حاصل نہ کر لے۔
سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو والنٹیئرز سے ملاقات کے دوران والنٹئیرز کی دکھی انسایت کے لئے بے لوث خدمات پر انہیں شاباش بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ، ایمرجنسی گھرے شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔











