ملتان ؛ محکمہ ڈاک کی خدمات، افادیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا، ڈاکٹر کلثوم پراچہ

45

ملتان، 10 اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا ہے کہ محکمہ ڈاک ثقافتی روایات کا امین ہے، عصر حاضر میں جتنی جدت آجائے مگر محکمہ ڈاک کی اہمیت مسلمہ ہے ، محکمہ ڈاک کی خدمات، افادیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن یونیورسٹی ملتان اور جی پی او ملتان کے اشتراک سے ورلڈ پوسٹ ڈے کے حوالے سے منعقدہ مرکزی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ نسل نو کو ڈاک کی ثقافت سے روشناس کرانا ناگزیر ہے، اس ضمن میں یہ تقریب نمایاں اہمیت کی حامل ہے ہم سروسز کے حوالے سے پاکستان پوسٹ سے اشتراک اور ایم او یو بھی کرینگے ۔

 اس موقع پر پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب ذوالفقار حسین ، چیف پوسٹ ماسٹر ملتان فائزہ خالد راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے ہر کونے میں محکمہ ڈاک کا مربوط منظم نیٹ ورک ہے جوکہ موثر فعال اور بہت تیز ہے۔ پاکستان پوسٹ اپنے فعال نیٹ ورک کے ذریعے انتہائی کم قیمت پر صارفین کی امانتیں سپرد کررہا ہے ہم وقت کی مناسبت سے جدت لارہے ہیں ، بین الاقوامی سروسز بھی شروع کر چکے ہیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران سابق وائس چانسلر جامعہ زکریا پروفیسر ڈاکٹر طارق انصاری اور ممتاز ماہر تعلیم مصنف ومورخ پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی کا کہنا تھا کہ محکمہ ڈاک باقاعدہ ایک ثقافت ہے اور اپنی ایک تاریخ رکھتا ہے یہ لوگوں کی امانتوں کا امین تھا ہے اور رہے گا۔

 منیجر ایکسپریس پوسٹ اسحاق بلوچ نے شرکاء کو پاکستان پوسٹ کی سروسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ یو ایم ایس ، ای ایم ایس ، ای ایم او دیگر سروسز کے بارے آگاہ کیا۔

رجسٹرار وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر میمونہ اور سماجی رہنما ایگزیکٹو ممبر اپوا مسز طاہرہ نجم نے کہا کہ محکمہ ڈاک سے ماضی میں لوگوں کی بہت وابستگی تھی جسے آج کے دور میں بحال کرنے کی ضرورت ہے، جدت سے ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے، اس پر ادارے کو غور کرنا ہوگا۔

تقریب میں نظامت کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلیکیشنز میڈم سعدیہ طالب نے انجام دیئے جبکہ آرگنائزنگ میں ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنی خدمات سر انجام دیں ۔

اس موقع پر پوسٹل سے کے حوالے سے اردو اور انگریزی میں تقریری مقابلہ جات بھی ہوئے جس میں مختلف شعبہ جات کی طالبات نے شرکت کی ۔ علاوہ ازیں قیام پاکستان سے پہلے سے لے کر قیام پاکستان کے بعد اور آج تک کی تاریخی دستاویزی یادگاری ٹکٹس کی نمائش کی گئی ۔ مہمانان تقریب نے سٹال وزٹ کیا جبکہ اختتام پر تقریر مقابلہ جات کی پوزیشن ہولڈرز طالبات کو انعامات و اسناد جبکہ مہمانان کو یادگاری تحائف کتب شیلڈز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر ڈی ایس اے میڈم عدیلہ ،  شاہد یوسف ، ٹکٹ کلیکٹر محمد طیب ، میڈم سعدیہ طالب ، قاریہ آمنہ ارشاد ، آمنہ عزیز ، مس انعم زہرا ، محمد رضوان ، علی حسین بلوچ ، سماجی رہنما قاری محمد عبداللہ  سمیت دیگر شریک تھے ۔